Sha'ban and Shab-e-Bara'at - The facts and rulings | Shaikhul-Islam Maulana Mufti Taqi Usmani Saheb
شعبان اور شب برأت - حقیقت واحکام
🎤شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ العالی
شبِ برأت کی حقیقت
الحمد لله نحمده ونستعينه ونستغفره ونؤمن به ونتوكل عليه ونعوذ بالله من شرور أنفسنا ومن سيئات اعمالنا من يهده الله فلا مضل له ومن يضلله فلا هادي له، واشهد ان لا اله الا الله وحده لا شريك له واشهد ان سيدنا ونبنا ومولانا محمدا عبده ورسوله، صلى الله تعالى عليه وعلى اله واصحابه وبارك وسلم تسليما كثيرا كثيرا، اما بعد!
شعبان کا مہینہ شروع ہو چکا ہے۔ اور اس ماہ میں ایک مبارک رات آنے والی ہے، جس کا نام "شب برات" ہے۔ چونکہ اس رات کے بارے میں بعض حضرات کا خیال یہ ہے کہ اس رات کی کوئی فضیلت قرآن وحدیث سے ثابت نہیں اور اس رات میں جاگنا، اور اس رات میں عبادت کو خصوصی طور پر باعث اجر وثواب سمجھنا بے بنیاد ہے۔ بلکہ بعض حضرات نے اس رات میں عبادت کو بدعت سے بھی تعبیر کیا ہے۔ اس لئے لوگوں کے ذہنوں میں اس رات کے بارے میں مختلف سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔ اس لئے اس کے بارے میں کچھ عرض کر دینا مناسب معلوم ہوا۔
دین اتباع کا نام ہے
اس سلسلے میں مختصراً گزارش یہ ہے کہ میں آپ حضرات سے بار بار یہ بات عرض کر چکا ہوں کہ جس چیز کا ثبوت قرآن میں یا سنت میں یا صحابہ کرام کے آخر میں، تابعین وبزرگان دین کے عمل میں نہ ہو، اس کو دین کا حصہ سمجھنا بدعت ہے۔ اور میں ہمیشہ یہ بھی کہتا رہا ہوں کہ اپنی طرف سے ایک راستہ گھڑ کر اس پر چلنے کا نام دین نہیں ہے۔ بلکہ دین حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع، آپ ﷺ کے صحابہ کرام کی اتباع، تابعین اور بزرگان دین کی اتباع کا نام ہے۔ اب اگر واقعتاً یہ بات درست ہو کہ اس رات کی کوئی فضیلت ثابت نہیں تو بیشک اس رات کو کوئی خصوصی اہمیت دینا بدعت ہوگا، جیسا کہ شب معراج کے بارے میں عرض کر چکا ہوں کہ شب معراج میں کسی عبادت کا ذکر قرآن وسنت میں موجود نہیں۔
اس رات کی فضیلت بے بنیاد نہیں
لیکن واقعہ یہ ہے کہ شب برأت کے بارے میں یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ اس کی کوئی فضیلت حدیث سے ثابت نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ دس صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین سے احادیث مروی ہیں، جن میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس رات کی فضیلت بیان فرمائی، ان میں سے بعض احادیث سند کے اعتبار سے بیشک کچھ کمزور ہیں، اور ان احادیث کے کمزور ہونے کی وجہ سے بعض علماء نے یہ کہہ دیا کہ اس رات کی فضیات بے اصل ہے، لیکن حضرات محدثین اور فقہاء کا یہ فیصلہ ہے کہ اگر ایک روایت سند کے اعتبار سے کمزور ہو، لیکن اس کی تائید بہت سی احادیث سے ہو جائے تو اس کی کمزوری دور ہو جاتی ہے، اور جیسا کہ میں نے عرض کیا کہ دس صحابہ کرام سے اس کی فضیلت میں روایات موجود ہیں۔ لہذا جس رات کی فضیلت میں دس صحابہ کرام سے روایات مروی ہوں، اس کو بے بنیاد اور بے اصل کہنا بالکل غلط ہے۔
شب برأت اور خیر القرون
امت مسلمہ کے جو خیر القرون ہیں، یعنی صحابہ کرام کا دور، تابعین کا دور، تبع تابعین کا دور، اس میں بھی اس رات کی فضیلت سے فائدہ اٹھانے کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے۔ لوگ اس رات کے اندر عبادت کا خصوصی اہتمام کرتے رہے ہیں۔ لہذا اس کو بدعت کہنا، یا بے بنیاد اور بے اصل کہنا درست نہیں۔ صحیح بات یہی ہے کہ یہ فضیات والی رات ہے، اس رات میں جاگنا، اس میں عبادت کرنا باعث اجر و ثواب ہے، اور اس کی خصوصی اہمیت ہے۔
کوئی خاص عبادت مقرر نہیں
البتہ یہ بات درست ہے کہ اس رات میں عبادت کا کوئی خاص طریقہ مقرر نہیں کہ فلاں طریقہ سے عبادت کی جائے۔ جیسے بعض لوگوں نے اپنی طرف سے ایک طریقہ گھڑ کر یہ کہہ دیا کہ شب برأت میں اس خاص طریقے سے نماز پڑھی جاتی ہے، مثلاً پہلی رکعت میں فلاں سورت اتنی مرتبہ پڑھی جائے۔ دوسری رکعت میں فلاں سورت اتنی مرتبہ پڑھی جائے وغیرہ وغیرہ۔ اس کا کوئی ثبوت نہیں۔ یہ بالکل بے بنیاد بات ہے۔ بلکہ نفلی عبادات جس قدر ہو سکے، وہ اس رات میں انجام دی جائے۔ نفلی نماز پڑھیں، قرآن کریم کی تلاوت کریں، ذکر کریں، تسبیح پڑھیں، دعائیں کریں۔ یہ ساری عبادتیں اس رات میں کی جا سکتی ہیں۔ لیکن کوئی خاص طریقہ ثابت نہیں۔
اس رات میں قبرستان جانا
اس رات میں ایک اور عمل ہے، جو ایک روایت سے ثابت ہے، وہ یہ کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جنت البقیع میں تشریف لے گئے، اب چونکہ حضور ﷺ اس رات میں جنت البقیع میں تشریف لے گئے تھے، اس لئے مسلمان اس بات کا اہتمام کرنے لگے کہ شب برأت میں قبرستان جائیں۔ لیکن میرے والد ماجد حضرت مفتی محمد شفیع صاحب قدس اللہ سرہ ایک بڑی کام کی بات بیان فرمایا کرتے تھے، ہمیشہ یاد رکھنی چاہئے، فرماتے تھے کہ جو چیز رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے جس درجے میں ثابت ہو، اسی درجہ میں اسے رکھنا چاہئے، اس سے آگے نہیں بڑھانا چاہئے۔ لہذا ساری حیات طیبہ میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک مرتبہ جنت البقیع جانا مروی ہے، کہ آپ ﷺ شب برات میں جنت البقیع تشریف لے گئے۔ چونکہ ایک مرتبہ جانا مروی ہے، اس لئے تم بھی اگر زندگی میں ایک مرتبہ چلے جاؤ تو ٹھیک ہے۔ لیکن ہر شب برات میں جانے کا اہتمام کرنا، التزام کرنا، اس کو ضروری سمجھنا، اس کو شب برأت کے ارکان میں داخل کرنا، اس کو شب برأت کا لازمی حصہ سمجھنا اور اس کے بغیر یہ سمجھنا کہ شب برات نہیں ہوئی، یہ اس کو اس کے درجے سے آگے بڑھانے والی بات ہے۔ لہذا اگر کبھی کوئی شخص اس نقطہ نظر سے قبرستان چلا گیا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے گئے تھے، میں بھی آپ ﷺ کی اتباع میں جا رہا ہوں، تو انشاء اللہ اجر و ثواب ملے گا۔ لیکن اس کے ساتھ یہ کرو کہ کبھی نہ بھی جاؤ۔ لہذا اہتمام اور التزام نہ کرو اور پابندی نہ کرو۔ یہ در حقیقت دین کی سمجھ کی بات ہے کہ جو چیز جس درجہ میں ثابت ہو، اس کو اسی درجہ میں رکھو، اس سے آگے مت بڑھاؤ۔ اور اس کے علاوہ دوسری نفل عبادت ادا کر لو۔
نوافل گھر پہ ادا کریں
میں نے سنا ہے کہ بعض لوگ اس رات میں اور شب قدر میں نفلوں کی جماعت کرتے ہیں، پہلے صرف شبینہ با جماعت ہوتا تھا، اب سنا ہے کہ صلوۃ التسبیح کی بھی جماعت ہونے لگی ہے، یہ صلوۃ التسبیح کی جماعت کسی طرح بھی ثابت نہیں، نا جائز ہے، اس کے بارے میں ایک اصول سن لیجئے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمایا کہ فرض نماز کے علاوہ اور ان نمازوں کے علاوہ جو حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے با جماعت ادا کرنا ثابت ہیں، مثلاً تراویح، کسوف اور استقاء کی نماز ان کے علاوہ ہر نماز کے بارے میں افضل یہ ہے کہ انسان اپنے گھر میں ادا کرے، صرف فرض نماز کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے اندر صرف افضل نہیں، بلکہ سنت موکدہ قریب بواجب ہے کہ اس کو مسجد میں جاکر جماعت سے ادا کرے۔ لیکن سنت اور نفل میں اصل قاعدہ یہ ہے کہ انسان اپنے گھر میں ادا کرے۔ لیکن جب فقہاء نے یہ دیکھا کہ لوگ گھر جا کر بعض اوقات سنتوں کو ترک کر دیتے ہیں؛ اس لئے انہوں نے یہ بھی فرما دیا کہ اگر سنتیں چھوٹنے کا خوف ہو تو مسجد ہی میں پڑھ لیا کریں، تاکہ چھوٹ نہ جائیں، ورنہ اصل قاعدہ یہی ہے کہ گھر میں جاکر ادا کریں۔ اور نفل کے بارے میں تمام فقہاء کا اس پر اجماع ہے کہ نفل نماز میں افضل یہ ہے کہ اپنے گھر میں ادا کرے۔ اور نفلوں کی جماعت حنفیہ کے نزدیک مکروہ تحریمی اور ناجائز ہے، یعنی اگر جماعت سے نفل پڑھ لئے تو ثواب تو کیا ملےگا، الٹا گناہ ملے گا۔
فرض نماز جماعت کے ساتھ ادا کریں
بات دراصل یہ ہے کہ فرائض دین کا شعار ہیں، دین کی علامت ہیں، لہذا ان کو جماعت کے ساتھ مسجد میں ادا کرنا ضروری ہے۔ کوئی آدمی یہ سوچ کر کہ اگر میں مسجد میں جماعت کے ساتھ نماز پڑھوں گا تو اس میں ریا کاری کا اندیشہ ہے، اس لئے میں گھر ہی میں نماز پڑھ لوں، اس کے لئے ایسا کرنا جائز نہیں، اس کو حکم یہ ہے کہ مسجد میں جاکر نماز پڑھے؛ اس لئے کہ اس کے ذریعہ دین اسلام کا ایک شعار ظاہر کرنا مقصود ہے، دین اسلام کی ایک شوکت کا مظاہرہ مقصود ہے، اس لئے اس کو مسجد ہی میں ادا کرو۔
نوافل میں تنہائی مقصود ہے
لیکن نفل ایک ایسی عبادت ہے، جس کا تعلق بس بندہ اور اس کے پروردگار سے ہے۔ بس تم ہو اور تمہارا اللہ ہو، تم ہو اور تمہارا پروردگار ہو، جیسا کہ حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے واقعہ میں آتا ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے پوچھا کہ تلاوت اتنی آہستہ سے کیوں کرتے ہو؟ انہوں نے جواب میں فرمایا کہ:
اسمعت من ناجيت۔
(ابو داؤد، کتاب الصلاة، باب رفع الصوت، حدیث نمبر: ۱۳۲۹)
یعنی جس ذات سے یہ مناجات کر رہا ہوں، اس کو سنا دیا، اب دوسروں کو سنانے کی کیا ضرورت ہے؟ لہذا نفلی عبادت کا تو حاصل یہ ہے کہ وہ ہو اور اس کا پروردگار ہو، کوئی تیسرا شخص درمیان میں حائل نہ ہو، اللہ تعالی یہ چاہتے ہیں کہ میرا بندہ براہ راست مجھے سے تعلق قائم کرے، اس لئے نفلی عبادتوں میں جماعت اور اجتماع کو مکروہ قرار دے دیا، اور یہ حکم دے دیا کہ اکیلے آؤ، تنہائی اور خلوت میں آؤ، اور ہم سے براہ راست رابطہ قائم کرو۔ یہ خلوت اور تنہائی کتنا بڑا انعام ہے، ذرا غور تو کرو، بندہ کو کتنے بڑے انعام سے نوازا جا رہا ہے، کہ خلوت اور تنہائی میں ہمارے پاس آؤ۔
تنہائی میں ہمارے پاس آؤ
بادشاہ کا ایک عام دربار ہوتا ہے، اسی طرح جماعت کی نماز اللہ تعالیٰ کا عام دربار ہے۔ دوسرا خاص دربار ہوتا ہے، جو خلوت اور تنہائی کا ہوتا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا انعام ہے کہ وہ فرماتے ہیں کہ جب تم ہمارے عام دربار میں حاضری دیتے ہو، تو اب ہم تمہیں خلوت اور تنہائی کا بھی موقع دیتے ہیں۔ اب اگر کوئی شخص اس تنہائی کے موقع کو جلوت میں تبدیل کر دے اور جماعت بنادے تو ایسا شخص اس خاص دربار کی نعمت کی ناقدری کر رہا ہے؛ اس لئے کہ اللہ تعالیٰ تو یہ فرمارہے ہیں کہ تم تنہائی میں آؤ، ہم سے مناجات کرو، ہم تنہائی میں تمہیں نوازیں گے، لیکن تم ایک جم غفیر اکٹھا کر کے لے جا رہے ہو۔
تم نے اس نعمت کی ناقدری کی
مثلا اگر کوئی بادشاہ ہے، تم اس سے ملاقات کے لئے دربار میں گئے، وہ بادشاہ تم سے یہ کہے کہ آج رات کو نو بجے تنہائی میں میرے پاس آجانا، تم سے کچھ پرائیویٹ بات کرنی ہے، جب رات کے نو بجے تو آپ نے اپنے دوستوں کا ایک جمگھٹا اکٹھا کر لیا، اور سب دوستوں کو لے کر بادشاہ کے دربار میں حاضر ہو گئے، بتائیے کہ آپ نے اس بادشاہ کی قدر کی یا ناقدری کی؟ اس نے تو تمہیں یہ موقع دیا تھا کہ تم تنہائی میں میرے پاس آؤ، تم سے تنہائی میں باتیں کرنی تھیں، تمہیں خلوت میں خاص ملاقات کا موقع دینا تھا اور اپنے ساتھ رابطہ اور تعلق استوار کرنا تھا اور تم پوری ایک جماعت بنا کر اس کے پاس لے گئے، تو یہ تم نے اس کی ناقدری کی۔ اس لئے امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ نفلی عبادت کی اس طرح نا قدری نہ کرو۔ نفلی عبادت کی قدر یہ ہے کہ تم ہو اور تمہارا اللہ ہو، تیسرا کوئی نہ ہو۔ لہذا نفلی عبادات جتنی بھی ہیں، ان سب کے اندر اصول یہ بیان فرما دیا کہ تنہائی میں اکیلے عبادت کرو، اس کے اندر جماعت مکروہ تحریمی ہے؛ اس لئے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے تو یہ ندا دی جارہی ہے کہ:
هل من مستغفر فاغفر له۔
کوئی ہے جو مجھ سے مغفرت طلب کرے تو میں اس کی مغفرت کروں؟ یہاں لفظ "مستغفر" مفرد کا صیغہ استعمال کیا، یعنی کوئی تنہائی میں مغفرت کرنے والا ہے، تنہائی میں مجھ سے رحمت طلب کرنے والا ہے۔ اب اللہ تعالی تو یہ فرما رہے ہیں کہ تنہائی میں میرے پاس آکر مجھ سے مانگو، لیکن ہم نے یہ کیا کہ شبینہ کا انتظام کیا، چراغاں کیا اور لوگوں کو اس کی دعوت دی کہ میرے پاس آکر میری اس خلوت میں شریک ہو جاؤ۔ حقیقت میں یہ اللہ تعالیٰ کے انعام کی ناقدری ہے۔ لہذا شبینہ ہو، یا صلاۃ التسبیح کی جماعت ہو، یا کوئی اور نفلی جماعت ہو، یہ سب نا جائز ہے۔
گوشہ تنہائی کے ملحات
یہ فضیات والی راتیں شور و شغب کی راتیں نہیں ہیں، میلے ٹھیلے کی راتیں نہیں ہیں، یہ اجتماع کی راتیں نہیں ہیں، بلکہ یہ راتیں اس لئے ہیں کہ گوشہ تنہائی میں بیٹھ کر تم اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلقات استوار کر لو، اور تمہارے اور اس کے درمیان کوئی حائل نہ ہو۔
میان عاشق معشوق رمزیست
کراماً کا تبین را ہم خبر نیست
لوگ یہ عذر کرتے ہیں کہ اگر تنہائی میں عبادت کرنے بیٹھتے ہیں تو نیند آجاتی ہے، مسجد میں شبینہ اور روشنی ہوتی ہے اور ایک جم غفیر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے نیند پر قابو پانے میں آسانی ہو جاتی ہے۔ ارے! اس بات پر یقین کرو کہ اگر تمہیں چند لمحات گوشہ تنہائی میں اللہ تعالی سے ہم کلام ہونے کے میسر آگئے تو وہ چند لحات اس ساری رات سے بدرجہا بہتر ہیں جو تم نے میلے میں گزاری؛ اس لئے کہ تنہائی میں جو وقت گزارا وہ سنت کے مطابق گزارا اور میلے میں جو وقت گزارا وہ خلاف سنت گزارا، وہ رات اتنی قیمتی نہیں جتنے وہ چند لحات قیمتی ہیں جو آپ نے اخلاص کے ساتھ ریا کے بغیر گوشہ تنہائی میں گزار لئے۔
وہاں گھنٹے شمار نہیں ہوتے
میں ہمیشہ کہتا رہا ہوں کہ اپنی عقل کے مطابق کام کرنے کا نام دین نہیں، اپنا شوق پورا کرنے کا نام دین نہیں، بلکہ ان کے کہنے پر عمل کرنے کا نام دین ہے، ان کی پیروی اور اتباع کا نام دین ہے۔ یہ بتاؤ کہ کیا اللہ تعالیٰ تمہارے گھنٹے شمار کرتے ہیں کہ تم نے مسجد میں کتنے گھنٹے گزارے؟ وہاں گھنٹے شمار نہیں کیے جاتے، وہاں تو اخلاص دیکھا جاتا ہے۔ اگر چند لمحات بھی اخلاص کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے ساتھ رابطہ میں میسر آگئے تو وہ چند لمحات ہی انشاء اللہ بیڑا پار کر دیں گے، لیکن اگر آپ نے عبادت میں کئی گھنٹے گزار دیئے، مگر سنت کے خلاف گزارے تو اس کا کچھ بھی حاصل نہیں۔
اخلاص مطلوب ہے
میرے شیخ حضرت ڈاکٹر عبد الحی صاحب قدس اللہ سرہ بڑے کیف کے عالم میں فرمایا کرتے تھے کہ جب تم لوگ سجدے میں جاتے ہو تو سجد میں "سبحان ربي الأعلىٰ" کئی مرتبہ کہتے ہو، لیکن مشین کی طرح زبان پر یہ تسبیح جاری ہو جاتی ہے، لیکن اگر کسی دن یہ کلمہ "سبحان ربي الأعلىٰ" ایک مرتبہ اخلاص کے ساتھ دل سے نکل گیا تو یقین کیجئے کہ اللہ تعالیٰ اس ایک مرتبہ "سبحان ربي الأعلىٰ" کی بدولت بیڑہ پار کر دیں گے۔ لہذا یہ مت خیال کرو کہ اگر تنہا گھر میں رہ کر عبادت کریں گے تو نیند آجائے گی؛ اس لئے کہ اگر نیند آجائے تو سو جاؤ، لیکن چند لمحات جو عبادت میں گزارو، وہ سنت کے مطابق گزارو۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت یہ ہے کہ فرماتے ہیں کہ اگر قرآن شریف پڑھتے پڑھتے نیند آجائے تو سو جاؤ، اور سوکر تھوڑی سی نیند پوری کر لو، اور پھر اٹھ جاؤ؛ اس لئے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ نیند کی حالت میں قرآن شریف پڑھتے ہوئے تمہارے منہ سے کوئی لفظ غلط نکل جائے۔ لہذا ایک آدمی ساری رات سنت کے خلاف جاگ رہا ہے اور دوسرا آدمی صرف ایک گھنٹے جاگا، لیکن سنت کے مطابق جاگا اور اپنے پروردگار کے حکم کے مطابق جاگا، تو یہ دوسرا شخص پہلے شخص سے کئی درجہ بہتر ہے۔
ہر عبادت کو حد پر رکھو
اس لئے کہ اللہ تعالٰی کے یہاں اعمال کی گنتی نہیں ہے، بلکہ اعمال کا وزن ہے۔ وہاں تو یہ دیکھا جائے گا کہ اس کے عمل میں کتنا وزن ہے؟ لہذا اگر تم نے گنتی کے اعتبار سے اعمال تو بہت کرلئے، لیکن ان میں وزن پیدا نہیں کیا تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ اس لئے فرمایا کہ نیند آجائے تو پڑ کر سو جاؤ، اور پھر اللہ تعالٰی توفیق دے تو اٹھ کر پھر عبادت میں لگ جاؤ۔ لیکن سنت کے خلاف کام نہ کرو۔ لہذا جو عبادت جماعت کے ساتھ جس حد تک ثابت ہو، اسی حد تک کرو، مثلا فرض کی جماعت ثابت ہے، رمضان المبارک میں تراویح کی جماعت ثابت ہے، رمضان میں وتر کی جماعت ثابت ہے، اسی طرح نماز جنازہ کی جماعت واجب علی الکفایہ ہے، عیدین کی نماز با جماعت ثابت ہے، نماز استقاء اور نماز کسوف اگر چہ سنت ہے، لیکن ان دونوں میں چونکہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم سے جماعت ثابت ہے، اور شعائر اسلام میں سے ہیں، لہٰذا ان کو جماعت سے ادا کرنا جائز ہے، ان کے علاوہ جتنی نمازیں ہیں، ان میں جماعت نہیں ہے، ان میں تو اللہ تعالٰی یہ چاہتے ہیں کہ بندہ مجھے سے تنہائی میں ملاقات کرے، اللہ تعالٰی نے تنہائی میں ملاقات کاا عزاز بخشا ہے، یہ معمولی اعزاز نہیں ہے، اس اعزاز کی قدر کرنی چاہئے۔
عورتوں کی جماعت
ایک مسئلہ عورتوں کی جماعت کا ہے، مسئلہ یہ ہے کہ عورتوں کی جماعت پسندیدہ نہیں ہے، چاہے وہ فرض نماز کی جماعت ہو، یا سنت کی ہو، یا نفل کی ہو؛ اس لئے کہ اللہ تعالیٰ نے عورتوں کو یہ حکم فرما دیا کہ اگر تمہیں عبادت کرنی ہے تو تنہائی میں کرو، جماعت عورتوں کے لئے پسندیدہ نہیں، جیسا کہ میں نے عرض کیا کہ دین اصل میں شریعت کے اتباع کا نام ہے، اب یہ مت کہو کہ ہمارا تو اس طرح عبادت کرنے کو دل چاہتا ہے، اس دل کے چاہنے کو چھوڑ دو، اس لئے کہ دل تو بہت ساری چیزوں کو چاہتا ہے اور صرف دل کے چاہنے کی وجہ سے کوئی چیز دین میں داخل نہیں ہو جاتی، جس بات کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پسند نہیں کیا، اس کو محض دل کے چاہنے کی وجہ سے نہ کرنا چاہیے۔
شب برات اور حلوہ
بہر حال! یہ شب برأت الحمد لله فضیلت کی رات ہے، اور اس رات میں جتنی عبادت کی توفیق ہو، اتنی عبادت کرنی چاہئے، باقی جو اور فضولیات اس رات میں حلوہ وغیرہ پکانے کی شروع کر لی گئی ہیں، ان کو بیان کرنے کی ضرورت نہیں؛ اس لئے کہ شب برأت کا حلوے سے کوئی تعلق نہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ شیطان ہر جگہ اپنا حصہ لگا لیتا ہے، اس نے سوچا کہ اس شب برأت میں مسلمانوں کے گناہوں کی مغفرت کی جائے گی، چنانچہ ایک روایت میں آتا ہے کہ اس رات میں اللہ تعالٰی اتنے انسانوں کی مغفرت فرماتے ہیں جتنے قبیلہ کلب کی بکریوں کے جسم پر بال ہیں۔
شیطان نے سوچا کہ اگر اتنے سارے آدمیوں کی مغفرت ہو گئی پھر تو میں لٹ گیا، اس لئے اس نے اپنا حصہ لگا دیا۔ چنانچہ اس نے لوگوں کو یہ سکھا دیا کہ شب برأت آئے تو حلوہ پکایا کرو، ویسے تو سارے سال کے کسی دن بھی حلوہ پکانا جائز اور حلال ہے، جس شخص کا جب دل چاہے، پکا کر کھالے، لیکن شب برأت سے اس کا کیا تعلق؟ نہ قرآن میں اس کا ثبوت ہے، نہ حدیث میں اس کے بارے میں کوئی روایت، نہ صحابہ کے آثار میں، نہ تابعین کے عمل میں، اور بزرگان دین کے عمل میں کہیں اس کا کوئی تذکرہ نہیں، لیکن شیطان نے لوگوں کو حلوہ پکانے میں لگا دیا، چنانچہ سب لوگ پکانے اور کھانے میں لگ گئے۔ اب یہ حال ہے کہ عبادت کا اتنا اہتمام نہیں، جتنا اہتمام حلوہ پکانے کا ہے۔
بدعات کی خاصیت
ایک بات ہمیشہ یاد رکھنے کی ہے، وہ یہ کہ میرے والد ماجد حضرت مفتی محمد شفیع صاحب قدس اللہ سرہ فرمایا کرتے تھے کہ بدعات کی خاصیت یہ ہے کہ جب آدمی بدعات کے اندر مبتلا ہو جاتا ہے، تو اس کے بعد پھر اصل سنت کے کاموں کی توفیق کم ہو جاتی ہے، چنانچہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ جو لوگ صلوۃ التسبیح کی جماعت میں دیر تک کھڑے رہتے ہیں وہ لوگ پانچ وقت کی فرض جماعتوں میں کم نظر آئیں گے، اور جو لوگ بدعات کرنے کے عادی ہوتے ہیں، مثلاً حلوہ انڈا کرنے اور کونڈے میں لگے ہوئے ہیں وہ فرائض سے غافل ہوتے ہیں۔ نمازیں قضا ہو رہی ہیں، جماعتیں چھوٹ رہی ہیں، اس کی تو کوئی فکر نہیں، لیکن یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔
اللہ اور اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے تو سب سے زیادہ تاکید اس کی فرمائی تھی کہ جب کسی کا انتقال ہو جائے تو اس کی میراث شریعت کے مطابق جلدی تقسیم کرو، لیکن اب یہ ہو رہا ہے کہ میراث تقسیم کرنے کی طرف تو دھیان نہیں ہے، مگر تیجہ ہو رہا ہے، دسواں ہو رہا ہے، چالیسواں ہو رہا ہے، برسی ہو رہی ہے۔ لہذا بدعات کی خاصیت یہ ہے کہ جب انسان اس کے اندر مبتلا ہوتا ہے تو سنت سے دور ہوتا چلا جاتا ہے اور سنت والے اعمال کرنے کی توفیق نہیں ہوتی ہے۔ اللہ تعالٰی ہمیں محفوظ رکھے۔ آمین بہر حال ان فضولیات اور بدعات سے تو بچنا چاہئے۔ باقی یہ رات فضیلت کی رات ہے، اور اس رات کے بارے میں بعض لوگوں نے جو خیال ظاہر کیا ہے کہ اس رات میں کوئی فضیلت ثابت نہیں یہ خیال صحیح نہیں ہے۔
پندرہ شعبان کا روزه
ایک مسئلہ شب برأت کے بعد والے دن یعنی پندرہ شعبان کے روزے کا ہے، اس کو بھی سمجھ لینا چاہئے، وہ یہ کہ سارے ذخیرہ حدیث میں اس روزے کے بارے میں صرف ایک روایت میں ہے کہ شب برأت کے بعد والے دن روزہ رکھو، لیکن یہ روایت ضعیف ہے، لہذا اس روایت کی وجہ سے خاص اس پندرہ شعبان کے روزے کو سنت یا مستحب قرار دینا بعض علماء کے نزدیک درست نہیں، البتہ پورے شعبان کے مہینے میں روزہ رکھنے کی فضیلت ثابت ہے، یعنی یکم شعبان سے ستائیس شعبان تک روزہ رکھنے کی فضیلت ثابت ہے، لیکن ۲۸ اور ۲۹ شعبان کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے کہ رمضان سے ایک دو روز پہلے روزہ مت رکھو، تاکہ رمضان کے روزوں کےلئے انسان نشاط کے ساتھ تیار رہے، لیکن یکم شعبان سے ۲۷ شعبان تک ہر دن روزہ رکھنے میں فضیلت ہے، دوسرے یہ کہ یہ پندرہ تاریخ ایام بیض میں سے بھی ہے اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم اکثر ہر ماہ کے ایام بیض میں تین دن روزہ رکھا کرتے تھے، یعنی ۱۵/١٤/۱۳ تاریخ کو، لہذا اگر کوئی شخص ان دو وجہ سے ۱۵ تاریخ کا روزہ رکھے، ایک اس وجہ سے کہ یہ شعبان کا دن ہے، دوسرے اس وجہ سے کہ یہ ۱۵ تاریخ ایام بیض میں داخل ہے، اگر اس نیت سے روزہ رکھ لے تو ان شاء اللہ موجب اجر ہو گا، لیکن خاص پندرہ تاریخ کی خصوصیت کے لحاظ سے اس روزے کو سنت قرار دینا بعض علماء کے نزدیک درست نہیں۔ اسی وجہ سے اکثر فقہاء کرام نے جہاں منتخب روزوں کا ذکر کیا ہے، وہاں محرم کی دس تاریخ کے روزے کا ذکر کیا ہے، یوم عرفہ کے روزے کا ذکر کیا ہے، لیکن پندرہ شعبان کے روزے کا علاحدہ سے ذکر نہیں کیا، بلکہ یہ فرمایا ہے کہ شعبان کے کسی بھی دن بھی روزہ رکھنا افضل ہے۔ بہر حال اگر اس نقطہ نظر سے کوئی شخص روزہ رکھ لے تو ان شاء اللہ اس پر ثواب ہو گا۔ باقی کسی دن کی کوئی خصوصیت نہیں۔ جیسا کہ میں نے پہلے عرض کیا تھا کہ ہر معاملے کو اس کی حد کے اندر رکھنا ضروری ہے، ہر چیز کو اس کے درجہ کے مطابق رکھنا ضروری ہے، دین اصل میں حدود کی حفاظت ہی کا نام ہے، اپنی طرف سے عقل لڑا کر آگے پیچھے کرنے کا نام دین نہیں، لہذا اگر ان حدود کی رعایت کرتے ہوئے کوئی شخص روزہ رکھے تو بہت اچھی بات ہے، ان شاء اللہ اس پر اجر و ثواب ملے گا، لیکن اس روزے کو باقاعدہ سنت قرار دینے سے پرہیز کرنا چاہئے۔
بحث و مباحثہ سے پر ہیز کریں
یہ شب برأت اور اس کے روزے کے احکام کا خلاصہ ہے، بس ان باتوں کو سامنے رکھتے ہوئے عمل کیا جائے، باقی اس بارے میں بہت زیادہ بحث و مباحثے میں نہیں پڑنا چاہئے۔ آج کل یہ مسئلہ کھڑا ہو گیا کہ اگر کسی نے کوئی بات کہہ دی تو اس پر بحث و مباحثہ شروع ہو گیا، حالاں کہ ہونا یہ چاہئے کہ جب کسی ایسے شخص سے کوئی بات سنی ہے جس پر آپ کو اعتماد اور بھروسہ ہے، تو بس اسی پر عمل کر لو، کوئی دوسرا شخص دوسری بات کہتا ہے تو پھر بحث میں مت پڑو؛ اس لئے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے بحث میں پڑنے سے منع فرمایا ہے، چنانچہ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ:
المراء يطفئ نور العلم.
یعنی اس قسم کے معاملات میں آپس میں لڑائی جھگڑا کرنا یا بحث و مباحثہ کرنا علم کے نور کو زائل کر دیتا ہے۔ ہمارے ایک شاعر اکبرالہ آبادی مرحوم گزرے ہیں، اس بارے میں ان کا ایک شعر بڑا اچھا ہے وہ کہتے ہیں کہ:
مذہبی بحث میں نے کی ہی نہیں
فالتو عقل مجھ میں تھی ہی نہیں
یہ مذہبی بحث جس میں فضول وقت ضائع ہو، اس سے کچھ حاصل نہیں، اور جن لوگوں کے پاس فالتو عقل ہوتی ہے، وہ اس قسم کی بحث ومباحثے میں پڑتے ہیں۔ اس لئے ہم تو یہ کہتے ہیں کہ جس عالم پر تم کو بھروسہ ہو اس کے کہنے پر عمل کر لو، ان شاء اللہ تعالی تمہاری نجات ہو جائے گی، اگر کوئی دوسرا عالم دوسری بات کہہ رہا ہے، تو پھر تمہیں اس میں الجھنے کی ضرورت نہیں، بس سیدھا راستہ یہی ہے۔
رمضان کے لئے پاک صاف ہو جاؤ
بہرحال حقیقت یہ ہے کہ اس رات کی فضیلت کو بے اصل کہنا غلط ہے، اور مجھے تو ایسا لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے یہ شب برأت رمضان المبارک سے دو ہفتے پہلے رکھی ہے، یه در حقیقت رمضان المبارک کا استقبال ہے، رمضان کی ریہرسل ہو رہی ہے، رمضان کی تیاری کرائی جارہی ہے کہ تیار ہو جاؤ، اب وہ مقدس مہینہ آنے والا ہے، جس میں ہماری رحمتوں کی بارش برسنے والی ہے، جس میں ہم مغفرت کے دروازے کھولنے والے ہیں، اس کے لئے ذرا تیار ہو جاؤ۔
دیکھئے! جب آدمی کسی بڑے دربار میں جاتا ہے، تو جانے سے پہلے اپنے آپ کو پاک صاف کرتا ہے، نہاتا دھوتا ہے، کپڑے وغیرہ بدلتا ہے، لہذا جب اللہ تعالٰی کا عظیم دربار رمضان کی صورت میں کھلنے والا ہے تو اس دربار میں حاضری سے پہلے ایک رات دے دی، اور یہ فرمایا کہ آؤ ہم تمہیں اس رات کے اندر نہلا دھلا کر پاک صاف کر دیں، گناہوں سے پاک صاف کریں، تاکہ ہمارے ساتھ تمہارا تعلق صحیح معنی میں قائم ہو جائے، اور جب یہ تعلق قائم ہو گا، اور تمہارے گناہ دھلیں گے تو اس کے بعد تم رمضان المبارک کی رحمتوں سے صحیح معنی میں فیض یاب ہو جاؤ گے، اس غرض کے لئے اللہ تعالیٰ نے ہمیں یہ رات عطا فرمائی، اس کی قدر پہچاننی چاہئے۔ اللہ تعالی ہمیں اس مبارک رات کی قدر کرنے اور اس رات میں عبادت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
واخر دعوانا ان الحمد لله رب العالمين.
Comments
Post a Comment